بائنانس اکاؤنٹ فریز...
 
Notifications
Clear all

بائنانس اکاؤنٹ فریزنگ اور کرپٹوکرنسی

1 Posts
1 Users
0 Reactions
79 Views
Owais Paracha
(@botslashadmin)
Reputable Member Admin
Joined: 9 months ago
Posts: 179
Topic starter  

بائنانس ایک بڑا کرپٹو کرنسی ایکسچینج ہے۔ اس نے چند ماہ قبل فلسطینی شہزادوں کے کچھ اکاؤنٹس بلاک کر دیے۔ اس کی خبر ابھی عام ہوئی ہے یا شاید دوبارہ بلاک کیے ہیں۔ اس پر کچھ دوست مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ کرپٹو کرنسی پر تو کسی کا اختیار نہیں ہوتا تو یہ بلاک اور فریز کیسے ہو گئی ہے؟ الگ الگ جواب دینے سے بہتر ہے تفصیلاً ایک ہی جگہ لکھ دیا جائے۔

کرپٹو کرنسی بلاک چین پر کام کرتی ہے اور معروف یہی ہے کہ بلاک چین ٹیکنالوجی کو روکنا اور اس کے ذریعے کرپٹو کرنسی کو روکنا ممکن نہیں ہے۔ لیکن اس کا جو یہ مطلب لیا جاتا ہے کہ کرپٹو کرنسی سو فیصد ناقابل شناخت ہے اور اسے کسی صورت میں روکا نہیں جا سکتا، یہ بات درست نہیں ہے۔ پانچ صورتیں ایسی ہیں جہاں کرپٹو کرنسی فریز ہو سکتی ہے یا رک سکتی ہے:

اول: کرپٹو کرنسی کسی ایکسچینج میں ہو: کرپٹو ایکسچینجز کسی بینک کی طرح کام کرتے ہیں۔ جس طرح آپ بینک میں اپنا روپیہ ڈلوا لیں تو اب اس پر بینک کا اختیار ہوتا ہے اسی طرح ایکسچینج میں ڈپازٹ کی ہوئی کرپٹو پر ایکسچینج کا اختیار ہوتا ہے۔ آپ کا اختیار اس کرپٹو پر ہوتا ہے جو آپ کے والٹ میں ہوتی ہے۔ اس کے لیے کرپٹوورس میں ایک مشہور قول ہے "ناٹ یور کیز، ناٹ یور کوائنز" یعنی جب کیز ایکسچینج کے پاس ہیں تو وہ کوائینز بھی اسی کے ہیں۔ یہ ایکسچینج کسی مخصوص صورت حال میں آپ کی رقم بینک کی طرح فریز بھی کر سکتے ہیں اور دیوالیہ ہو جائیں تو رقم پھنس بھی سکتی ہے۔ اور ایکسچینجز عموماً بڑی گورنمنٹس کے خلاف نہیں جاتے۔

دوم: پیگڈ ٹوکنز: یو ایس ڈی ٹی (ٹیتھر) اور ایسے ٹوکنز جو کسی اثاثے سے منسلک ہوتے ہیں، ان کو جاری کرنے والے کے پاس وہ اثاثہ موجود ہوتا ہے۔ یہ جاری کرنے والا کسی مخصوص صورت حال میں کسی اکاؤنٹ (ایڈریس) کی پشت پر موجود اثاثہ فریز کر سکتا ہے جس سے اس ایڈریس کے ٹوکنز پر اثر پڑتا ہے۔ ٹیتھر فاؤنڈیشن نے بھی فلسطینی ایڈریس منجمد کیے ہیں۔

سوم: کرپٹو سیزنگ: بعض اوقات جب سیکیورٹی ادارے کسی مجرم کو پکڑتے ہیں تو اس سے اس کے کرپٹو ایسٹس اپنی تحویل میں لے لیتے ہیں۔ اسے "سیزنگ" کہا جاتا ہے۔ امریکی حکومت کے پاس ایک بڑی مقدار ایسے بٹ کوائینز کی موجود ہے۔

چہارم: کمزور بلاک چین: اگر کوئی بلاک چین دو چار مائنرز یا ویلیڈیٹرز پر مشتمل ہو تو انہیں روکا جا سکتا ہے اور وہ مائنرز خود بھی مل کر اپنا سسٹم روک سکتے ہیں۔

پنجم: ویب سائٹ: اگر کوئی بلاک چین پراجیکٹ ہے جو کسی بلاک چین پر بنا ہوا ہے (بلاک چینز پر سافٹ وئیر کی طرح پورے پراجیکٹس بنتے اور چلتے ہیں) لیکن اس کی ویب سائٹ کسی عام ہوسٹنگ سروس پر ہے تو اس ویب سائٹ کو روکا جا سکتا ہے۔ اس سے سافٹ وئیر یا پراجیکٹ تو ختم نہیں ہوگا لیکن عوام کی اس تک رسائی مشکل ہو جائے گی۔

کرپٹو کے محٖفوظ ہونے کی بات اس وقت ہوتی ہے جب اس کی بلاک چین مضبوط ہو اور وہ ڈائریکٹ کولڈ یا ہاٹ والٹ میں ہو۔ اس کی ایک مثال "ٹورنیڈو کیش" ہے جو ایک کرپٹو مکسر ہے۔ اس کے خلاف کئی حکومتیں ہیں لیکن اسے ابھی تک بند نہیں کر پائیں۔ اسی طرح امریکی حکومت ٹرمپ کے پچھلے دور میں بٹ کوائین کی مخالف رہی ہے لیکن وہ بھی اسے روک نہیں پائی۔

چونکہ ہمارے یہاں لوگ جمعہ جمعہ سات دن میں ماہر بنتے ہیں تو عموماً ان کی کرپٹو کے بارے میں معلومات بائنانس یا ایک آدھ مزید والٹ سے آگے نہیں بڑھتیں۔ ایکسچینج کا وجود بذات خود بٹ کوائین کے بنیادی تصور کے خلاف ہے، لیکن چونکہ ان سے ٹریڈنگ میں آسانی ہوتی ہے لہذا ٹریڈرز انہیں ان کے خطرات کے باوجود استعمال کرتے ہیں۔ لیکن کسی ایکسچینج کا کوئی عمل کرپٹو سے ڈائریکٹ متعلق نہیں ہوتا۔


   
Quote
Share:

Feeling Great?

Add BOTSLASH to your homescreen
×