خبریں کرپٹو مارکیٹ ...
 
Notifications
Clear all

خبریں کرپٹو مارکیٹ کو کیسے متاثر کرتی ہیں؟

1 Posts
1 Users
0 Reactions
21 Views
Irfan
(@irfan)
Joined: 4 months ago
Posts: 29
Topic starter  
wpf-cross-image

 کرپٹو مارکیٹ پر خبروں کا اثر: ایک جائزہ

اگرہم کرپٹو کرنسی مارکیٹ کو کسی وسیع وعریض سمندرکی طرح مان لیں جہاں انویسٹرز کسی سرفرز کی مانند اس کی اچانک اتارچڑھاؤ والی لہروں پر سرفنگ کررہے ہوں تو یہاں خبریں کسی ہوا کا کام دیں گی۔ جو کبھی نرم جھونکوں کی صورت میں ہوتی ہیں تو کبھی تیز طوفانی جھکڑ ہوتے ہیں۔ یہی ہوا ان لہروں کی شدت اور ان کے سائزمیں کمی بیشی کا باعث ہوتی ہے ۔ کرپٹو میں مارکیٹ میں خبریں بھی یہی کرتی ہیں اورہمہ وقت مارکیٹ میں اتھل پتھل کا باعث بنتی ہیں ۔ کرپٹو مارکیٹ میں قیمتیں منٹوں میں تیزی کے ساتھ اتار چڑھاؤ کا شکار ہوتی ہے اور بہت زیادہ اوپر جاسکتی ہیں یا نیچے گر سکتی ہیں اس لئے کسی خبر کا اس مارکیٹ پر کیا اثر ہوسکتا ہے اس کو جاننا کرپٹو ٹریڈرز کیلئے نہایت لازمی ہے۔ اس آرٹیکل میں ہم اس بات کا جائزہ لیں گے کہ کرپٹو مارکیٹ پر خبریں کیسے اثر انداز ہوسکتی ہیں اور تاریخی حوالے سے ہم پانچ بڑے واقعات کو لے ان کی خبروں کا کرپٹو مارکیٹ میں قیمتوں پراثرکا تجزیہ کریں گے۔ ہم "سیل دی نیوز" کے رجحان کو بھی سمجھیں گے، جس میں بڑے انویسٹرز یاوہیلز، مارکیٹ کے ہائپ کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

 خبریں : دو دھاری تلوار

اگردیکھا جائے توخبریں کرپٹو مارکیٹ کے لیے کسی دو دھاری تلوارکی مانند ہوسکتی ہیں۔ اگرخبرمثبت ہو جیسے مثلا شرح سود میں کمی تو یہ مارکیٹ پرانویسٹرز کا اعتماد بڑھانےمیں مدد دیتی ہے جس سے قیمتوں میں اضافہ ہونے لگتا ہے جبکہ منفی خبروں کی وجہ سے لوگ گھبرا کر پینک سیلنگ کرنے لگتے ہیں اور قیمتیں یک دم تیزی کے ساتھ نیچے گرنے لگ سکتی ہیں۔آج کے ڈیجیٹل دورمیں معلومات بہت تیزی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوسکتی ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ کرپٹو مارکیٹ خبروں کے معاملے میں حددرجہ حساس ہے اور کسی بھی مثبت یا منفی خبر کے لئے مارکیٹ کی قیمتیں فوراً سے ری ایکشن دے سکتی ہیں۔ ذیل میں ہم ایسے ہی کچھ واقعات اور خبروں کا تجزیہ کریں گے ۔

 کیس اسٹڈی1: ٹیسلا کی بٹ کوائن میں سرمایہ کاری

8 فروری 2021 کو، ٹیسلا نے اعلان کیا کہ اس نے 1.5 بلین ڈالر مالیت کے بٹ کوائن خریدے ہیں اوران کا ارادہ ہے کہ وہ اپنی الیکٹرک گاڑیوں کی پیمنٹس کے طور پر بٹ کوائن کو قبول کریں گے۔ یہ صرف ایک خبر ہی نہیں تھی بلکہ اس نے گویا اس بات کی توثیق کردی تھی کہ بٹ کوائن قانونی حیثیت رکھ سکتا ہے اورمین اسٹریم میں ایک فائنانشل ایسٹ کے طور پر جگہ بنا نے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس اعلان کے بعد، بٹ کوائن کی قیمت تقریباً $38,000 سے بڑھ کر ایک دن میں تقریباً $46,700 کی تک پہنچ گئی۔ یہ ایک دن میں $8,000 کا اضافہ تھا۔ اگلے چند دنوں میں بٹ کوائن $58,000 تک پہنچ گیا۔

 قیمت پر اثر:

اعلان سے پہلےبٹ کوائن کی قیمت : تقریباً $38,000

اعلان کے بعد بٹ کوائن کی قیمت : تقریباً $58,000

اس خبرکی وجہ سے بہت بڑے پیمانے پر ریٹیل اورانسٹی ٹیوشنل سطح پربٹ کوائن میں انویسٹمنٹ میں اضافہ ہوا اوراس کی وجہ سے بٹ کوائن کی طلب میں بہت اضافہ ہوا جو نتیجتاً اس کی قیمت میں اضافے کا باعث بنا۔ تاہم، اس اضافے کے ساتھ ساتھ بٹ کوائن کی ولاٹائلٹی بھی بہت بڑھ گئی کیونکہ ٹریڈرز نے اس کی مستقبل میں قیمت کی موومنٹ پر قیاس آرائی کرنا شروع کردی تھی۔

Impact of News of Tesla's announcementٹیسلا کی انویسٹمنٹ کی خبر کا امپیکٹ

 کیس اسٹڈی 2: چین کی کرپٹو کرنسیز پرکریک ڈاؤن

مئی 2021 میں،چین نے کرپٹو کرنسی کی مائننگ اور ٹریڈنگ پر سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کیا۔ اس خبر نے مارکیٹ میں ہلچل مچا دی، جس کے نتیجے میں بڑی پیمانے پر لوگوں نے کرپٹو کرنسی فروخت کرنی شروع کردی اور بٹ کوائن کی قیمت، جو تقریباً $55,000 کے آس پاس تھی، چند ہفتوں کے اندر اندر $30,000 سے نیچے گر گئی۔

 قیمتوں پراثرات:

اعلان سے پہلے: تقریباً $55,000

اعلان کے بعد: تقریباً $30,000

چین کے اس اعلان کے کرپٹو مارکیٹ اتنے بڑے منفی اثر ننے اس بات کو واضح کردیا کہ ریگولیٹری کی خبروں کا کرپٹو مارکیٹ پرکتنا گہرا اثر ہو سکتا ہے۔ پھرکریک ڈاؤن کے خوف کی وجہ سے چین سے مائنرز کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوئی اور یہ چیزبھی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اتار چڑھاؤ کا سبب بنی۔ یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ کچھ تجزیہ کاروں کے مطابق چین نے کبھی بھی مکمل طورپر کرپٹو کرنسیز پر پابندی نہیں لگائی اوراسی وجہ سے بائنانس پر چینی ٹریڈنگ کا والیوم $90 بلین سے تجاوز کر رہا ہے۔

 کیس اسٹڈی 3:ایل سلواڈور کا بٹ کوائن کو قانونی حیثیت دینا

9 جون 2021 کو، ایل سلواڈور بٹ کوائن کو قانونی حیثیت دینے والا پہلا ملک بن گیا۔ اس تاریخی فیصلے کو بٹ کوائن کی اڈاپشن کے لیے ایک اہم سنگ میل کے طور پر مانا گیا۔ اس خبر نے ابتدائی طور پر بٹ کوائن کی قیمت کو تقریباً $33,500 سے بڑھا کر $41,000 سے تجاوز کر دیا۔ تاہم، عملی نفاذ میں درپیش چیلنجز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی طرف سے شکوک و شبہات کی وجہ سے قیمت میں جلد ہی کمی واقع ہوگئی۔

 قیمتوں پراثرات:

اعلان سے پہلے: تقریباً $33,500

ابتدائی اضافے کے بعد: تقریباً $41,000

چیلنجزسامنے آنے کے بعد: تقریباً $28,000

اس کیس سٹڈی سے ہمیں معلوم ہو رہا ہے کہ کیسے مثبت خبریں کرپٹؤ کی قیمت میں اضافہ کرسکتی ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی معلوم ہوا کہ مثبت خبر کے بعد پیدا ہونے والے چیلنجزاورغیر یقینی صورت حال ابتدائی ہائپ کو ٹھنڈا کرسکتی ہے ۔

ایک اوراہم بات یہ ہے کہ جب ایل سلواڈور نے ستمبر 2021 میں پہلی بار 200 بٹ کوائن خریدے، تو آئی ایم ایف کا ردعمل سخت تھا، جس کے باعث قیمت ایک گھنٹے کے اندر تیزی سے گر گئی۔ تقریباً $43,000 تک قیمت گرچکی تھی کہ صدر نایب بوکیلے نے اعلان کیا کہ انہوں نے اضافی 200 بٹ کوائن رعایتی قیمت پر خریدے ہیں۔ اس کے بعد تیزی سے گرتی قیمت کو بریک لگا۔ معلوم یوں ہوتا ہے کہ ایل سلواڈور کی ڈالر کو چھوڑ بٹ کوائن کو قانونی حیثیت دینے پر کچھ مشکوک فائنانشل چالیں چلنے کی کوشش کی گئی تھی ۔

[caption id="attachment_4507" align="alignnone" width="1564"] ایل سلواڈور کی طرف سے بٹ کوائن کی خریداری کے اعلان کا امپیکٹ[/caption]

 کیس اسٹڈی 4: ایس ای سی کی بٹ کوائن فیوچرز ای ٹی ایف کی منظوری

اکتوبر 2021 میں، امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (SEC) نے پہلی بٹ کوائن فیوچرزای ٹی ایف (ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ) کی منظوری دی۔ اس خبرکو بٹ کوائن اوردیگر کرپٹو کرنسیز کی مین سٹریم میں جگہ بنانے کی طرف اہم قدم کے طور پر دیکھا گیا۔اس اعلان کے بعد بٹ کوائن کی قیمت تقریباً $57,000 سے بڑھ کر $69,000 (جو اس وقت آل ٹائم ہائی تھا) تک پہنچ گئی۔

 قیمتوں پر اثرات:

اعلان سے پہلے: تقریباً $57,000

اعلان کے بعد: تقریباً $69,000

ای ٹی ایف کی منظوری کے انویسٹرز کی ایک نئی لہر بٹ کوائن کی طرف متوجہ ہوئی ۔ یہ روایتی فائنانشل مارکیٹس میں بٹ کوائن اور دوسری کرپٹو کرنسیز کی بڑھتی شمولیت کی جانب ایک بڑا قدم تھا۔

 کیس اسٹڈی 5: ایف ٹی ایکس کا خاتمہ اور مارکیٹ کا کریش

نومبر 2022 میں، ایف ٹی ایکس، جو کہ کرپٹو کرنسیز کے سب سے بڑے ایکسچینجز میں سے ایک تھا، کولیپس کر گیا اور اس کی وجہ سے مارکیٹ میں بدترین کریش آگیا۔اس خبر کی وجہ سے مارکیٹ میں بہت زیادہ خوف و ہراس پھیل گیا اور قیمتیں بہت تیزی سے گر گئیں۔ بٹ کوائن کی قیمت تقریباً $21,000 سے کم ہو کر $16,000 سے بھی نیچے گر گئی، دیگر کرپٹو کرنسیز بھی بری طرح کریش کرگئیں ۔

 قیمتوں پر اثرات:

خاتمے سے پہلے: تقریباً $21,000

خاتمے کے بعد: تقریباً $16,000

ایف ٹی ایکس کا کولیپس کرپٹو مارکیٹ میں موجود کمزوریوں سامنے لایا اور کسی مستحکم بنیادی ڈھانچے اور قانونی نگرانی کی اہمیت کو واضح کیا ۔

 سیل دی نیوز" کا رجحان

بڑے انویسٹرز، جنہیں اکثر "وہیلز" کہا جاتا ہے۔ وہیلز وہ انویسٹرز ہوتے ہیں جن کے پاس کسی کوائن کی بہت بڑی تعداد میں ہولڈنگز ہوتی ہیں اور وہ اپنی ٹریدنگ ایکٹیوٹیز کے ذریعے مارکیٹ کی قیمتوں پراثر انداز ہو سکتے ہیں۔جب مثبت خبریں آنے لگتی ہیں تو مارکیٹ میں لوگوں کو قیمتیں بڑھنے کی توقعات ہونے لگتی ہیں ۔

 اس اسٹریٹجی کا طریقہ کار یوں ہوتا ہے :

 مثبت خبر کا اعلان:

سب سے پہلے کوئی مثبت خبر مارکیٹ میں گردش کرنے لگتی ہے جیسے کہ کسی بڑی کمپنی کا بٹ کوائن میں انویسٹ کرنا یا کوئی کرپٹو کے لئے سازگار قانونی فیصلہ۔ یہ خبر مارکیٹ میں جوش و خروش اور قیمتیں بڑھنےکی امید پیدا کرتی ہے ۔

 قیمت میں اضافہ:

اب ریٹیل انویسٹرز اور چھوٹے ٹریڈرزاس خبر کی وجہ سے پیدا شدہ توقعات کو لے کر خریداری شروع کر دیتے ہیں، جس سے قیمت میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔

 وہیلز کی طرف سے فروخت:

اب جب اس خریداری کی وجہ سے قیمت بڑھتے بڑھتے کافی اوپر چلی جاتی ہے تو یہاں وہیلز کی انٹری ہوتی ہے اور یہ لوگ اپنی ہولڈنگز بیچنا شروع کر دیتے ہیں۔ چونکہ وہیلز کے پاس بڑی تعداد میں ہولڈنگ ہوتی ہے تو ان کی فروخت سیلنگ پریشر پیدا کردیتی ہے ۔

 مارکیٹ کریکشن:

جب وہیلز اپنی ہولڈنگز فروخت کردیتے ہیں تو مارکیٹ میں ایک کریکشن آتی ہے اور قیمتیں جو کافی اوپر جاچکی ہوتی ہے وہ نیچے آجاتی ہیں ۔

وہیلز اپنی اس اسٹریٹجی میں ریٹیل انویسٹرزپر خبروں کے سائیکالوجیکل اثرات سے فائدہ اٹھاتے ہیں کیونکہ یہ لوگ عموماً جذبات سے کام لیتے ہیں اور ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی فیصلے کرتے ہیں ۔ "سیل دی نیوز" اسٹریٹجی کے ذریعے، وہیلز مارکیٹ میں کریکشن سے پہلے اپنے منافع کو سائیڈ پرکر لیتے ہیں ۔

 "سیل دی نیوز" کی مثال

"سیل دی نیوز" کی ایک قابل ذکر مثال ٹیسلا کے بٹ کوائن اعلان کے بعد پیش آئی۔ اگرچہ خبر کی وجہ سے ابتدا میں قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا، لیکن پھر بڑے انویسٹرز میدان میں آئے اور ان کی جانب سے فروخت کے بعد مارکیٹ میں کریکشن آئی اور بٹ کوائن کی قیمت، جو تقریباً $58,000 تک چلی گئی تھی ، ہائپ ختم ہونے اور وہیلز کے منافع حاصل کرنے کے بعد تقریباً $45,000 تک گر گئی ۔

 قیمتوں پر اثرات:

ابتدائی اضافہ: تقریباً $38,000 سے $58,000 تک

وہیلز کی فروخت کے بعد: تقریباً $58,000 سے $45,000 تک

 مارکیٹ کی نفسیات کو سمجھنا

کرپٹو مارکیٹ بڑی حد تک مارکیٹ کی نفسیات سے متاثر ہوتی ہے، جہاں پرائس موومنٹ میں خبروں نہایت طاقتورکردارادا کرتی ہیں ۔ ان خبروں پر انویسٹرزکا ری ایکشن اکثر خوف یا لالچ کی وجہ سےہوتا ہے ۔ یہاں ہم کچھ اہم نفسیاتی عوامل کاذکرکرتے ہیں :

فومو:

FOMO (Fear of Missing Out) مثبت خبر کی وجہ سے FOMO پیدا ہوجاتا ہے ۔ یعنی انویسٹرزجب مثبت خبر سنتے ہیں تومتوقع فوائد سے محروم رہ جانے کے ڈر سے جلدی سے جلدی خریداری کرنا شروع کر دیتے ہیں اور اس کی وجہ سےقیمتیں مزید تیزی سے بڑھنا شروع ہوسکتی ہیں ۔

پینک سیلنگ Panic Selling :

منفی خبروں کے نتیجے میں panic selling شروع ہوجاتی ہے، یعنی انویسٹرز قیمتوں کو گرتا دیکھ کر گھبرا جاتے ہیں اور اپنے پاس موجود ایسٹس فروخت کرنا شروع ہوجاتے ہیں ۔ اس کی وجہ سے قیمت مزید تیزی سے نیچے جاسکتی ہے ۔

 بھیڑچال :

Herd Behavior اکثر انویسٹرز دوسروں کے دیکھا دیکھی انویسٹمنٹ کے فیصلے کرتے ہیں جس سے ایک بھیڑ چال جنم لیتی ہے ۔ جب بڑی تعداد میں انویسٹرز خبریں آنے کے بعد خرید و فروخت کر رہے ہوں، تو یہ امکان ہوتا ہے کہ دوسرے انویسٹرز بھی ان کی دیکھا دیکھی خرید و فروخت کرنے لگیں گے جس سے پرائس موومنٹ بہت تیز ہوسکتی ہے ۔

 قیاس آرائیاں :

Speculation کرپٹو مارکیٹ بڑی حد تک قیاس آرائیوں پر چلتی ہے ۔ اس میں بہت سے انویسٹرز فنڈامینٹل انالسز کے بجائے پیش گوئیوں اور افواہوں کی بنیاد پر خرید و فروخت کرتے ہیں۔ ان قیاس آرائیوں کو تشکیل دینے میں خبریں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

 نتیجہ: خبروں کے زیر اثر رہنے والی مارکیٹ کو نیویگیٹ کرنا

کرپٹو کرنسی مارکیٹ پر خبروں کا اثر ایسی حقیقت ہے جس کا انکار ممکن نہیں ہے ۔ بڑی کمپنیز کی جانب سے کرپٹو کرنسیز کو اپنانے سے لے کر قانونی پابندیوں تک،منفی یا مثبت خبریں بہت زیادہ پرائس موومنٹ پیدا کر سکتی ہیں۔ یہ چیز ایک طرف انویسٹرز کیلئے منافع کے مواقع پیدا کرتی ہے تو دوسری طرف نقصان کا رسک بھی ہوتا ہے ۔ "سیل دی نیوز" کا رجحان کرپٹو مارکیٹ میں مزید پیچیدگی پیدا کرتا ہے، کیونکہ مثبت خبروں کےنتیجے میں پیدا ہونے والی ہائپ کا فائدہ اٹھا کر وہیلز اپنی ہولڈنگز فروخت کر کے اپنا منافع نکالتےہیں ۔ ریٹیل انویسٹرزاور کرپٹو مارکیٹ میں نوورادوں کے لیے، یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کیسے اس مارکیٹ میں خبریں قیمتوں کو متاثر کرتی ہیں۔

اہم نکات:

باخبر رہیں:

کرپٹو دنیا میں تازہ ترین خبروں اور پیش رفتوں سے باخبر رہنا انویسٹرز کو اس بات میں مدد فراہم کرتا ہے کہ وہ مارکیٹ موومنٹ کا اندازہ لگا کر بہتر انویسٹمنٹ کے فیصلے کرسکیں ۔

ہائپ سے محتاط رہیں:

اگرچہ مثبت خبریں منافع بخش مواقع پیدا کر سکتی ہیں، لیکن یہ ضروری ہے کہ ہائپ سے محتاط رہیں اور FOMO کا شکار نہ ہوں۔ انویسٹمنٹ کا کوئی قدم اٹھانے سے پہلے کے فیصلے کرنے سے پہلے اچھی طرح جائزہ لیں اورکسی بھی پروجیکٹ کے لانگ ٹرم فوائد و نقصانات کو دیکھیں ۔

مارکیٹ کی نفسیات کو سمجھیں:

مارکیٹ بی ہیوئیر پر اثرا انداز ہونے والے سائیکالوجیکل فیکٹرز کو پہچان لینا آپ کو پرائس موومنٹ کے بعد بارے میں بہت زیادہ معلومات فراہم کرسکتا ہے ۔ اس کو جان کر ہی انویسٹرز مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے دوران جذبات کا شکار ہو کرغلط فیصلے لینے سے خود کو بچا سکتے ہیں ۔

اپنے فنڈز کو تقسیم کریں :

فنڈز کی تقسیم بھی کرپٹو مارکیٹ میں رسک کو مینج کرنے کیلئے بہت کلیدی اسٹریٹجی ہے ۔ اپنی ساری انویسٹمنٹ کو ایک ہی ایسٹ میں جھونک دینے کے بجائے مختلف ایسٹس میں تقسیم کرنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ کسی ایک ایسٹ کے بارےمیں منفی خبر آجائے تو اس سے پوری انویسٹمنٹ متاثر نہیں ہوتی ۔

تجربے سے سیکھیں:

کرپٹو مارکیٹ باقی فائنانشل مارکیٹس کی بنسبت اب بھی نسبتاً نئی ہے ۔ یہاں تیزرفتاری سے ڈویلپمنٹ ہورہی ہے اور چیزیں بدل رہی ہیں ۔مارکیٹ کے ماضی کے واقعات سے سیکھنا چاہیے اور یہ سمجھنا چاہیے کہ خبریں قیمتوں کو کس طرح متاثر کرتی ہیں۔یہ چیز انویسٹرز کو آئندہ کیلئے زیادہ مؤثر اسٹریٹجی لے کر میدان میں اترنے میں مدد دے سکتی ہے۔

یہ بات یاد رکھیں کہ کرپٹو کرنسیز کی اس دنیا میں آئندہ بھی مارکیٹ موومنٹ میں خبروں کا کردار بہت اہم ہوگا ۔ اس لئے اس سمندر کی لہروں پر سرفنگ کرتے ہوئے ان خبروں کی ان ہواؤں کے تھپیڑوں سے ہوشیار رہیے گا ۔

 


   
Quote
Share: